اقوام متحدہ اور چین کے تعاون سے بلوچستان کو زچگی و تولیدی صحت کی کٹس فراہم
کوئٹہ، 26 اکتوبر: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبودِ آبادی نے حکومت چین کے تعاون سے بلوچستان کے محکمہ صحت کو زچگی اور تولیدی صحت کی کٹس فراہم کی ہیں، جن کا مقصد ماؤں اور نومولود بچوں کے لیے طبی سہولیات بہتر بنانا ہے۔
تقریب میں یو این ایف پی اے کی صوبائی سربراہ سعدیہ عطا نے کٹس محکمہ صحت کے حکام کے حوالے کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین مندوخیل اور ماں، نومولود اور بچوں کی صحت کے پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم بھی موجود تھیں۔
یہ طبی سامان خضدار، تربت اور لورالائی کے صحت مراکز کی ضروریات کے جائزے کے بعد فراہم کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان کٹس سے ہنگامی زچگی کی نگہداشت، تولیدی صحت کی خدمات اور ماؤں و نومولود بچوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ صحت حکام نے یو این ایف پی اے اور حکومت چین کے تعاون کو سراہا۔