Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

صحبت پور میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ، ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت

صحبت پور: ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے والدین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نومبر میں شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو مہم کی تیاریوں، انتظامات، مائیکرو پلاننگ، پولیو ٹیموں کی تشکیل اور تربیت، حساس علاقوں کی نشاندہی اور ٹرانزٹ پوائنٹس سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر علاقے اور گھر تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کی جائے اور پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہنے پائے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران پیش آنے والی مشکلات فوری طور پر حل کی جائیں اور پولیو ٹیموں کو ضروری سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا انتہائی اہم ہے۔ علماء کرام، اساتذہ، سماجی رہنماؤں اور بلدیاتی نمائندوں کو بھی اس قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ والدین میں پولیو ویکسین کی اہمیت کے حوالے سے اعتماد پیدا ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More