وائس چانسلر ایس بی کے ویمن یونیورسٹی کے استعفے کی خبروں کی تردید
کوئٹہ: سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کی انتظامیہ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کے مستعفی ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے ان کی اشاعت اور تشہیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مستند ذرائع سے تصدیق کیے بغیر کسی خبر کو حقیقت کے طور پر پیش کرنا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔ انہوں نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور صرف تصدیق شدہ معلومات ہی نشر یا شائع کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کے اصولوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے یونیورسٹی اور متعلقہ افراد کے قانونی حقوق اور وقار کا احترام کیا جانا چاہیے۔