ترقیاتی معلومات تک رسائی اور ڈیجیٹل خواندگی پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہیں، گورنر بلوچستان
کوئٹہ، 24 اکتوبر: گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل خواندگی، مستند معلومات تک رسائی اور جدید ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
عالمی یومِ ترقیاتی معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ زرعی، صنعتی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلابات نے انسانی زندگی، معیشت اور سماجی تعلقات پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے دنیا کو قریب کر دیا ہے اور موبائل فون سمیت مختلف ذرائع سے وسیع معلومات تک رسائی آسان بنا دی ہے۔
گورنر نے کہا کہ بلوچستان کی 12 سرکاری جامعات، 16 کیمپسز اور 140 سے زائد بوائز اور گرلز کالجز صوبے کے عوام کو بدلتی دنیا سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اعلیٰ تعلیم، تحقیق، ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
گورنر بلوچستان نے اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے فوائد سے مستفید ہونے میں معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو انسانی فلاح، معاشی مساوات اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے بروئے کار لانا چاہیے