Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح حکومت کی ترجیحات ہیں، بابر یوسفزئی

کوئٹہ، 13 اکتوبر: معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و استحکام، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو پُرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔ سکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ پوری قوم شہداء اور غازیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

بابر یوسفزئی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، روزگار، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے پر بھی مرکوز ہے۔ حکومت عوامی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے اور شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ، سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی حکومتی ترجیحات ہیں۔ بلوچستان کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے مسلسل محنت، مؤثر حکمتِ عملی، اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

بابر یوسفزئی نے کہا کہ امن، اتحاد، برداشت اور ترقی کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے سے صوبے کے مستقبل کو مزید روشن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام، عوام کی خدمت اور بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More