قلات میں پولیس بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، رشوت اور سفارش برداشت نہیں کی جائے گی: ایس ایس پی
قلات، 13 اکتوبر: ایس ایس پی قلات سید زاہد حسین شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں تمام بھرتیاں شفاف انداز میں اور خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی، جبکہ کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی یا حق تلفی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان کے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس فورس میں صرف انہی نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا جو محنت، جسمانی اہلیت اور قابلیت کے مقررہ معیار پر پورا اتریں گے۔
ایس ایس پی قلات نے خبردار کیا کہ بھرتی کے عمل میں رشوت دینے یا سفارش کے ذریعے اثرانداز ہونے کی کوشش کرنے والے امیدواروں کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے، جبکہ ایسے معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھرتیوں میں شفافیت برقرار رکھنا اور اہل امیدواروں کو میرٹ پر مواقع فراہم کرنا محکمہ پولیس کی ترجیح ہے۔