دکی میں ناجائز منافع خوری روکنے کے لیے اقدامات تیز، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کی ہدایت
دکی، 29 اکتوبر: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول اور محصولات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال، اسسٹنٹ کمشنر تھل عبدالسلام شاہوانی، تحصیلدار دکی سردار عبدالرازق دمڑ، تحصیلدار لونی بلال احمد، نائب تحصیلدار اکرام اللہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی، ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر سرکاری واجبات کی وصولی، محصولات میں بہتری، ریکارڈ کی درستگی اور متعلقہ دفتری امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بازاروں میں قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محصولات سے متعلق امور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹائے جائیں اور عوامی مسائل کے حل، شفافیت اور قانون کی عملداری کو ترجیح دی جائے۔