ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ، 29 اکتوبر: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور بروقت اقدامات امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ریاستی عزم برقرار رہے گا۔
معاون وزیر اعلیٰ برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بھی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔