وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا ڈھابے پر کام کرنے والے یتیم بچے سمیت پانچ بہن بھائیوں کی کفالت کا اعلان
کوئٹہ، 28 اکتوبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈھابے پر کام کرنے والے یتیم بچے منیر احمد سمیت پانچ بہن بھائیوں اور ان کی والدہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھا لی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد منیر احمد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات ہوئی، جس کے دوران میر سرفراز بگٹی نے بچے، اس کے چھوٹے بھائی اور تینوں بہنوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کے لیے رہائش کی سہولت فراہم کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے پانچوں بچوں اور ان کی والدہ کی مکمل کفالت کی ذمہ داری خود اٹھاتے ہوئے اپنے عملے کے ذریعے ذاتی اخراجات سے بچوں کے لیے موسمِ سرما کے کپڑوں اور ضروری اشیا کی خریداری کا بھی انتظام کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تعلیم اور بہتر زندگی کے لیے معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس اقدام کا مقصد بے سہارا خاندان کو تعلیم، رہائش اور بنیادی ضروریات کے سلسلے میں مدد فراہم کرنا ہے۔