بلوچستان میں ترقیاتی معلومات تک عوام کی رسائی شفاف حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ
کوئٹہ، 24 اکتوبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترقیاتی امور سے متعلق درست اور مستند معلومات تک عوام کی بروقت رسائی شفاف حکمرانی، ادارہ جاتی جوابدہی اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا اجرا جدید ابلاغی تقاضوں سے ہم آہنگ حکومتی نظام کی تشکیل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے پروگراموں سے متعلق معلومات تیزی سے عوام تک پہنچائی جا سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ باخبر شہری ترقیاتی عمل میں مؤثر شرکت کے ساتھ حکومتی اقدامات کی نگرانی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی بالخصوص بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں عوامی فلاح کے لیے ضروری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقی کا مقصد محض منصوبوں کی تکمیل نہیں بلکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا بھی ہے۔ شفاف معلومات، عوامی آگاہی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال پائیدار ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کے بنیادی تقاضے ہیں۔