Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

ڈی ایچ کیو ہسپتال گنداواہ میں طبی آلات، ادویات اور سہولیات کا جائزہ

جھل مگسی، 15 اکتوبر: ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال گنداواہ ڈاکٹر منصور احمد کھوسہ کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی آلات، صفائی، ایمبولینس سروس اور بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت جاری و مکمل ہونے والے منصوبوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیکل اسٹور میں ادویات کے ذخیرے، ریکارڈ، محفوظ رکھنے کے انتظامات اور ضرورت کے مطابق مختلف طبی مراکز کو ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ادویات کے اسٹور روم کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران معلوم ہوا کہ ترقیاتی منصوبے کے تحت قائم کیا گیا بلڈ بینک تاحال مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکا۔ اس کے علاوہ بعض طبی آلات ماہر ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے باعث استعمال میں نہیں لائے جا رہے تھے۔ ہسپتال کی متعدد ایمبولینسز بھی غیر فعال پائی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، انتظامی امور اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے دستیاب طبی وسائل، آلات اور ترقیاتی منصوبوں سے مؤثر استفادے کی اہمیت اجاگر کی تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری صحت کے اداروں کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کی فعالیت کا جائزہ لینے کا مقصد طبی سہولیات میں بہتری اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More