کوئٹہ میں ایمبولینس سے 60 کلو چرس برآمد، اے این ایف کی کارروائی، ملزم گرفتار
کوئٹہ، 14 اکتوبر: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے سونا خان چوک کے قریب انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 60 کلوگرام چرس برآمد کر لی اور منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات مستونگ سے کوئٹہ منتقل کی جا رہی تھیں۔ اے این ایف کو اطلاع ملی تھی کہ اسمگلر ایمبولینس کی آڑ میں منشیات کی بڑی کھیپ منتقل کرنے کی کوشش کریں گے، جس پر فورس نے مسلسل نگرانی اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ایمبولینس جیسی ہنگامی طبی سہولت کو منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنا ایک سنگین مجرمانہ عمل ہے، جو ضرورت کے وقت طبی امدادی خدمات کے درست استعمال پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔