خالق آباد میں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر قلات کے اقدامات، کھلی کچہری کا انعقاد
خالق آباد: ضلع قلات میں انجینئر عائشہ زہری کی بطور ڈپٹی کمشنر تعیناتی کے بعد عوامی مسائل کے حل اور سرکاری خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ خواتین سائلین اب بلا خوف و جھجک انتظامی دفاتر سے رجوع کر رہی ہیں، جہاں ڈپٹی کمشنر ان کی درخواستوں پر فوری احکامات جاری کر رہی ہیں۔
گزشتہ دنوں خالق آباد میں خواتین کے لیے منعقدہ کھلی کچہری کو عوامی مسائل کے حل اور خواتین کو براہ راست انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کو وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے گڈ گورننس وژن کے مطابق انتظامی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قلات نے تمام انتظامی اور سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔