Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

گوادر فری زون میں پاک چین مشترکہ زرعی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

گوادر، 19 اکتوبر 2026: گوادر فری زون میں پاکستانی اور چینی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے شہزاد اینڈ شاؤ فارم کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ منصوبے کو پاک چین اقتصادی شراکت داری، مقامی پیداوار کی پراسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سنگِ بنیاد کی تقریب میں سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، حکومتی شخصیات اور چینی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ مشترکہ سرمایہ کاری سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ زرعی اور غذائی شعبوں میں سرمایہ کاری مقامی وسائل کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں مدد دے گی، جبکہ فری زون میں صنعتی اور پیداواری سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے کہا کہ فری زون میں صنعتوں کے قیام سے گوادر بندرگاہ کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ بلوچستان کے زراعت، ماہی گیری اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیچ اور پنجگور کی کھجور سمیت مقامی زرعی پیداوار کی پراسیسنگ اور برآمدات کو فروغ دے کر معاشی ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔ گوادر پورٹ کی تجارتی سرگرمیوں میں اضافے سے سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔

نورالحق بلوچ کے مطابق گوادر پورٹ اتھارٹی کا یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی صاف کرنے والا پلانٹ جولائی 2025 سے شہر کو پانی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو بنیادی سہولیات اور انتظامی امور میں درپیش مسائل کے حل کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور زور دیا کہ مختص زمین کو پیداواری مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے مقامی نوجوانوں کو روزگار اور تربیت فراہم کی جائے۔

شاؤ یونفی، چیف ایگزیکٹو آفیسر، نے کہا کہ شہزاد اینڈ شاؤ فارم مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور چین کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

منصوبے سے گوادر فری زون میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے، مقامی وسائل سے استفادہ کرنے اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی توقع ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More