بھتہ خوری اور گاڑیاں جلانے کے واقعات ناقابلِ قبول ہیں، مینا مجید بلوچ
کوئٹہ، 17 اکتوبر: صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے مبینہ بھتہ خوری اور رقم ادا نہ کرنے پر گاڑیاں جلانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کے معاشی حالات متاثر ہوتے ہیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات سے ملاقات کے دوران انہوں نے مکران ڈویژن، بالخصوص ضلع کیچ اور نئے ضلع تمپ میں ٹرانسپورٹرز کے تحفظ اور پولیس میں مقامی نوجوانوں کی بھرتیوں سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھتہ خوری اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور تاجروں و محنت کشوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
آئی جی پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کیچ اور گوادر کے بعد اگلے مرحلے میں ضلع تمپ کے لیے پولیس بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کے تحفظ، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔