واشک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، 4 زخمی
واشک، 14 اکتوبر: بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک اور چار کو زخمی کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جس میں آر پی جی 7، پانچ گولے، میگزینز سمیت پانچ جدید ہتھیار، تین موبائل فون اور دو موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد بلوچستان کے عوام کو لوٹنے، علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔