بلوچستان میں مفت آن لائن طبی مشاورت کے لیے ’’صحت دہلیز‘‘ ایپ فعال، پہلے روز 791 کالز موصول
کوئٹہ، 21 اکتوبر 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو گھر بیٹھے مفت طبی مشاورت فراہم کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل ایپلی کیشن ’’صحت دہلیز‘‘ فعال کر دی ہے، جس کے ذریعے شہری سال کے 365 دن، 24 گھنٹے تجربہ کار طبی ماہرین سے مفت مشاورت حاصل کر سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایپ کے فعال ہونے کے پہلے ہی روز 791 مشاورتی کالز کے ذریعے شہریوں کو ڈاکٹروں نے مفت طبی رہنمائی فراہم کی، جو اس سہولت کی افادیت اور عوامی ضرورت کا اظہار ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا وسیع رقبہ، دور افتادہ آبادیاں اور بعض علاقوں میں طبی مراکز تک رسائی کی مشکلات صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ایک بڑا چیلنج بناتی ہیں۔ صحت دہلیز ایپ کے ذریعے شہری ابتدائی طبی رہنمائی گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں طویل سفر اور غیر ضروری مشکلات سے بچنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ بلوچستان کے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں جغرافیائی فاصلے رکاوٹ نہ بنیں۔ صوبائی حکومت صحت سمیت بنیادی شعبوں میں عوامی سہولیات بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔