کوہاٹ میں ڈینگی کے 2,319 کیسز، گورنر کی ہنگامی اقدامات کی ہدایت
پشاور، 17 اکتوبر: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کوہاٹ میں بیماری پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے مجموعی طور پر 3,771 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس مرض سے دو اموات ہو چکی ہیں۔
گورنر کی زیر صدارت اجلاس میں مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوہاٹ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں 2,319 کیسز سامنے آئے ہیں۔
حکام نے ڈینگی کے پھیلاؤ کی وجوہات، انسداد ڈینگی ایکشن پلان اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 1,666 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ کوہاٹ سمیت دیگر متاثرہ اضلاع میں فوری اقدامات کیے جائیں اور ضلعی انتظامیہ کو ضروری وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے عوامی آگہی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے محکمہ اطلاعات کے تعاون سے مہم چلائی جائے اور روایتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ سوشل میڈیا کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔