گلگت بلتستان میں ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی ادائیگی، پہلی بار بینیولیٹ فنڈ اور گروپ انشورنس کے چیکس تقسیم
گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزاد نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین میں بینیولیٹ فنڈ اور گروپ انشورنس کے چیکس تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق یکم جولائی 2023 کو بینیولیٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لا کر ریٹائرڈ ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی جانب اہم پیش رفت کی گئی۔ ماضی میں ملازمین کو واجبات کے حصول کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاق کے پاس سابقہ واجبات کی مد میں چار ارب 25 کروڑ روپے موجود ہیں، جن کی گلگت بلتستان منتقلی کے لیے وزیر اعظم پاکستان سے رابطہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ادارے کو سرکاری عمارت فراہم کرنے اور دیگر مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے ادارے کے قیام میں کردار ادا کرنے والے افسران اور ملازمین کی خدمات کو بھی سراہا۔