مستونگ میں انٹیلی جنس آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک؛ 104 افغان شہری گرفتار
کوئٹہ: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران ضلع مستونگ کے علاقے پرنگ آباد کے قریب انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر بروقت کارروائی کی۔ یہ اقدامات بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشت اور تربت کے علاقوں میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 104 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جو مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے ایران اور یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔