بلوچستان میں فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے اہم معاہدہ
کوئٹہ، 12 اکتوبر: بلوچستان میں فن، ثقافت اور پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کے لیے محکمہ ثقافت حکومت بلوچستان اور نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید جاوید اقبال، سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ، سینئر فنکاروں، ثقافتی شخصیات، میڈیا نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
اس اشتراک کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں اور فنکاروں کو ڈرامہ، موسیقی، تھیٹر اور دیگر فنونِ لطیفہ میں پیشہ ورانہ تربیت اور رہنمائی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
سیکریٹری ثقافت، سیاحت و آرکائیوز حمید اللہ ناصر اور ڈائریکٹر ثقافت داؤد ترین کی کوششوں کو اس پیش رفت میں اہم قرار دیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے مقامی فنکاروں کی صلاحیتیں نکھارنے، ثقافتی ورثے کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور صوبے کے مثبت تشخص کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔