جعفرآباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 14 گڈز گاڑیوں کے چالان، 10 کو وارننگ جاری
جعفرآباد: صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی عبدالحمید جونیجو کی خصوصی ہدایات پر پی ٹی اے بلوچستان، ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس جعفرآباد نے کوئٹہ۔سکھر قومی شاہراہ پر سندھ بلوچستان سرحد کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گڈز ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 14 گاڑیوں کے چالان کیے، جبکہ 10 گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو وارننگ جاری کر دی گئی۔
کارروائی کے دوران بغیر روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور مقررہ روٹ کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ متعلقہ حکام نے گاڑیوں کے روٹ پرمٹس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
چیکنگ کے دوران متعدد گاڑیوں کے پاس مبینہ طور پر جعلی یا غیر مستند روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس پائے گئے، جبکہ بعض پرمٹس پر متعلقہ روٹ کا اندراج بھی موجود نہیں تھا۔
حکام کے مطابق ایسی گاڑیوں کو متعلقہ روٹ پر چلانے کی اجازت نہیں، کیونکہ روٹ پرمٹ کی شرائط کی خلاف ورزی ٹرانسپورٹ قوانین کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی یا غیر مستند دستاویزات کے استعمال اور مقررہ روٹس کی خلاف ورزی سے سرکاری محصولات کو نقصان پہنچنے کے ساتھ قانون پر عمل کرنے والے ٹرانسپورٹرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر چلنے والی گاڑیاں مسافروں اور دیگر شاہراہ استعمال کرنے والوں کی حفاظت کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ قوانین پر عمل درآمد، سرکاری محصولات کے تحفظ اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔