Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

سبی میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا سہ ماہی جائزہ، فیلڈ میں غیر حاضری برداشت نہ کرنے کا فیصلہ

سبی: ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام (ای پی آئی) کا سہ ماہی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی مجموعی کارکردگی، یونین کونسلز کی پیش رفت، ویکسینیٹرز کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر محمد شعیب خجک نے پروگرام کی کارکردگی، مختلف یونین کونسلز کی صورتحال اور فیلڈ میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسلز اور ویکسینیٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بچوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا امکان ہے کیونکہ سرد علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے ضلع میں منتقل ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ کوئی بھی ویکسینیٹر فیلڈ ڈیوٹی سے غیر حاضر نہ رہے۔ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق محکمہ صحت کے ساتھ تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار بھی فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی کوریج اسی روز مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے اور زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی کے لیے گھر گھر مؤثر تلاش یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہ جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ذریعے فیلڈ میں درپیش مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مانیٹرز اور ویکسینیٹرز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

اجلاس میں ونگ کمانڈر کرنل عبدالمنان، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر صلاح الدین، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر شہلا، آئی ایس ڈی کوآرڈینیٹر میر وئیس خان، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اے کے یو ارسلان خان، مانیٹرز، ویکسینیٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More