ٹرین حادثے میں بچی کی ہلاکت کے بعد ٹراما سینٹر کا معائنہ، غیر حاضر طبی عملے کے خلاف کارروائی کا حکم
نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ٹرین حادثے میں ایک کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملنے پر ٹراما سینٹر ڈیرہ مراد جمالی کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے حاضری رجسٹر چیک کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر حاضر عملے کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹراما سینٹر ایک انتہائی اہم طبی ادارہ ہے جہاں حادثات اور ہنگامی صورتحال میں زخمیوں اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی عملہ ہر وقت اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت علاج یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور مریضوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بالخصوص ٹراما سینٹر میں طبی عملے کی غیر حاضری کسی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ معمولی تاخیر بھی کسی قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹراما سینٹر میں عملے کی حاضری، ہنگامی طبی خدمات اور علاج معالجے کی سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام ڈاکٹرز و طبی عملے کی ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنائی جائے۔