Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

دانش اسکولوں کی تعمیر میں تیزی لائی جائے، معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیراعظم

لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں دانش اسکولوں کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اداروں میں تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

ہفتے کو وزیراعظم کی زیر صدارت دانش اسکولوں کی تعمیر میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور دانش اسکول روشن پاکستان کے لیے ایک اہم سرمایہ کاری ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور کام چوبیس گھنٹے جاری رکھا جائے۔

وزیراعظم نے دانش اسکولوں میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی جدید تدریسی طریقے اپنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان اسکولوں میں داخلے صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔ اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور خدمات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے آزاد تھرڈ پارٹی جانچ کا نظام بھی یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے وزارت مواصلات کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش اسکولوں تک آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں دانش اسکولوں کی تعمیر کے لیے بھی جلد حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں دانش اسکولوں کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ اور ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More