گوادر میں 150 مستحق افراد کو کاروبار کے لیے مالی معاونت فراہم
گوادر، 12 اکتوبر: رائز بلوچستان پروگرام کے تحت گوادر میں 150 مستحق افراد میں ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ روپے کی مالی معاونت جبکہ بیوٹیشن اور بیکنگ کورسز مکمل کرنے والی 40 نوجوان خواتین میں سرٹیفکیٹس اور پیشہ ورانہ کٹس تقسیم کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت نوجوانوں اور خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، غربت میں کمی اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے آئی آر ایم انسٹی ٹیوٹ سے بیوٹیشن کورس مکمل کرنے والی 27 خواتین جبکہ کراچی کے گوتم انسٹی ٹیوٹ سے بیکنگ کورس مکمل کرنے والی 13 خواتین کو سرٹیفکیٹس اور پیشہ ورانہ کٹس دی گئیں، تاکہ وہ اپنے ہنر کو روزگار اور کاروبار کے لیے استعمال کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق رائز بلوچستان پروگرام کے تحت صوبے کے چھ منتخب اضلاع میں تین سال کے لیے 16.79 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پروگرام کا مقصد مستحق خاندانوں کی معاشی بحالی، نوجوانوں کی فنی تربیت اور خواتین کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے ذریعے گوادر میں مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور انہیں معاشی سرگرمیوں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ چھوٹے کاروبار کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے تک بلاواپسی گرانٹ جبکہ بڑے کاروباری منصوبوں کے لیے مقررہ شرائط کے تحت مالی معاونت کی سہولت بھی موجود ہے۔