گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کا یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
کوئٹہ، 27 اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کا مقصد کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آواز بلند کرنا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ملک بھر میں جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں کے ذریعے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت اہم عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر کی محکوم اقوام اور مظلوم طبقات پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری کی توجہ ان مظالم کی جانب مبذول کرائی جائے اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حق میں عالمی رائے عامہ کو مؤثر انداز میں ہموار کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی یاد دہانی ہے، جبکہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کو اپنا بھائی اور کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ بلوچستان حکومت کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں پر مظالم کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کے عزمِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی گواہ ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔