Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

تربت میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے آگاہی کے لیے سیمینار، طلبہ کا کوئز مقابلہ بھی منعقد

تربت، 2 نومبر: گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت میں گرین ہورائزن مہم کے تحت حکومت بلوچستان اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی اور بالخصوص بلوچستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز اور خطرات کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔

پروفیسر غلام رسول خالد آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض فراز گچکی نے انجام دیے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عزیز اللہ نے موسمیاتی تبدیلی کے مختلف پہلوؤں، اسباب اور خطے، ماحولیات اور انسانی زندگی پر اس کے اثرات کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی، ماحولیاتی موافقت، اثرات میں کمی اور موسمیاتی لچک پیدا کرنے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حمید بلوچ نے بلوچستان کے جغرافیائی اور موسمی تنوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مختلف موسمی حالات کے باعث صوبہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثر ہونے والے حساس خطوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اثرات کو کم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ شجرکاری، قابل تجدید توانائی کے استعمال، پانی کے تحفظ اور عوامی آگاہی میں اضافے کو انہوں نے موسمیاتی لچک پیدا کرنے کے اہم اقدامات قرار دیا۔

کالج کے پرنسپل پروفیسر ظہیر احمد بلوچ نے اپنے خطاب میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی اور موسمیاتی لچک کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سیمینار کے منتظمین کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر طلبہ کی معلومات میں اضافے کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر کوئز مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے بھرپور حصہ لیا۔ درست جوابات دینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس سرگرمی کا مقصد طلبہ کو موسمیاتی تبدیلی اور اس کے مقامی اثرات کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا تھا

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More