Dailybarwaqt1.0
My WordPress Blog

بلوچستان مخبر تحفظ بل 2026ء ایوان میں پیش کرنے کی سفارش

کوئٹہ: بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے بلوچستان مخبر تحفظ بل 2026ء کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے مزید منظوری کے لیے ایوان میں پیش کرنے کی سفارش کر دی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید ظفر علی آغا کی زیر صدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے اراکین میر جہانزیب مینگل، شاہدہ رؤف اور پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن عبدالمجید بادینی نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسمبلی اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران بل کی مختلف شقوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مجوزہ قانون کا مقصد بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری امور میں بے ضابطگیوں سے متعلق عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرنے والے افراد کو قانونی تحفظ دینا ہے، تاکہ شہری بلاخوف و خطر متعلقہ حکام تک درست معلومات اور شکایات پہنچا سکیں۔

کمیٹی نے اس امر کا جائزہ لیا کہ نیک نیتی سے معلومات فراہم کرنے والوں کو ممکنہ انتقامی کارروائی، ہراسانی، امتیازی سلوک اور دیگر نقصان دہ اقدامات سے کس طرح محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مستند معلومات فراہم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی، مناسب انعامات کے طریقہ کار اور جھوٹی، بے بنیاد یا بدنیتی پر مبنی شکایات کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

چیئرمین کمیٹی سید ظفر علی آغا نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے، سرکاری اداروں میں شفافیت کے فروغ اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے مؤثر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرنے والوں کو قانونی تحفظ دینے سے سرکاری معاملات میں جوابدہی اور شفافیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ قانون کا مقصد بدعنوانی کی روک تھام کے ساتھ ایسا منصفانہ اور شفاف نظام تشکیل دینا بھی ہے جس میں شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور سرکاری ادارے اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے بل کی تمام شقوں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اسے مؤثر، قابل عمل اور عوامی مفاد سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں تفصیلی بحث اور شق وار جائزے کے بعد کمیٹی نے بلوچستان مخبر تحفظ بل 2026ء کو مزید منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی کے ایوان میں پیش کرنے کی سفارش کر دی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More